جارجیا میں سینیٹ کی دو نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں ڈیموکریٹس کے رافیل وارنوک ریاستی تاریخ میں پہلے سیاہ فام سینیٹر بن گئے جس کے بعد سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی اکثریت کا امکان پیدا ہوگیا۔
خبر ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق اٹلانٹا چرچ میں 15 سال تک پادری کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والے رافیل وارنوک نے ری پبلکن اُمیدوار کیلی لیوئفلر کو شکست دے دی۔
جارجیا میں ڈیموکریٹس کی کامیابی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی پارٹی کے لیے ایک دھچکا ہے جہاں ان کے حامیوں کاغلبہ رہا ہے اور اپنی آخری ریلی بھی جارجیا میں سینیٹ کے اُمیدواروں کیلی لیوئفلر اور ڈیوڈ پیرڈیو کے ساتھ نکالی تھی۔
ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد اب نظریں دوسری نشست پر مرکوز ہوگئی ہیں کیونکہ مزید کامیابی کی صورت میں ڈیموکریٹس کو سینیٹ میں اکثریت حاصل ہوگی اور کانگریس میں نومنتخب صدر جوبائیڈن کا پلڑا بھاری ہوگا، جو 20 جنوری کو اپنا منصب سنبھال لیں گے۔
ماہرین، جارجیا میں حالیہ نتائج کو ریاست میں سیاسی تبدیل سے تعبیر کررہے ہیں کیونکہ ری پبلکن کو یہاں دو دہائیوں سے زائد عرصے تک واضح کامیابی ملتی رہی ہے۔
سینیٹ کی نشست پر کامیاب ہونے والے رافیل وارنوک نے اپنے حامیوں کے لیے پیغام میں اپنے اور خاندان کے مالی حالات کا ذکر کیا اور بتایا کہ ان کی والدہ روئی چن کر اپنے بچوں کو پالتی تھیں۔