بی جے پی کا ایک اور تاریخی شہرکا نام ہندو شخصیت سے منسوب کرنےکا اعلان

349

بھارتی جنتا پارٹی(بے جے پی) نے ریاست  مہاراشٹرا کے تاریخی شہر اورنگ آباد کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مہاراشٹرا میں بی جے پی کے ریاستی صدر چندراکانت پاٹل نے کہا ہےکہ اگر ان کی پارٹی اورنگ آباد  کے بلدیاتی الیکشن میں کامیاب ہوئی تو اورنگ آباد کا نام تبدیل کرکے ‘سمبھاجی’ نگر  رکھ دیا جائےگا۔

 خیال رہےکہ مغل بادشاہ اورنگ زیب عالمگیر کے نام سے منسوب اورنگ آباد ایک تاریخی شہر ہے جسے مہاراشٹرا کا سیاحتی دارالحکومت بھی کہاجاتا ہے۔

یہ شہر مختلف تاریخی مقامات کا حامل ہے جن میں اجنٹا کے غار، ایلورہ کے غار، بی بی کا مقبرہ، پن چکی اور اورنگزیب کی تعمیر شدہ جامع مسجد شامل ہے، بی بی کا مقبرہ   اورنگزیب کے بیٹے نے اپنی والدہ کی یاد میں  تعمیر کرایا تھا جو کہ آگرہ کے  تاج محل کا ہم شکل ہے اور اسی وجہ سے اسے غریبوں کا تاج محل بھی کہا جاتا ہے۔

انتہا پسند ہندو اورنگ آبادکا نام سمبھاجی نگر رکھنا چاہتے ہیں جوکہ سترہویں صدی میں مرہٹہ سلطنت کے بانی شیواجی کے بڑے بیٹے تھے اور والد کی وفات کے بعد تخت نشین ہوئے اور  اورنگ زیب عالمگیر کی افواج کے ہاتھوں قتل ہوئے۔