برسبین: بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھا اور آخری ٹیسٹ 15 جنوری سے برسبین میں کھیلا جانا ہے تاہم کوروناکی سخت پابندیوں کے باعث ٹیسٹ میچ ملتوی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم دورہ آسٹریلیا پر موجود ہے جہاں چار ٹیسٹ میچز کی سیز یز کھیلی جارہی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ٹیسٹ 15 جنوری سے برسبین میں شیڈول ہے، برسبین میں کورونا کی پابندیاں سخت کردی گئی ہیں جس کے باعث بھارتی ٹیم وہاں ٹیسٹ کھیلنے میں تذبذب کا شکار ہے۔
آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے اور کوئنز لینڈ نے نیو ساؤتھ ویلز کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کردی ہیں، آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں چارٹرڈ طیارے سے وہاں پہنچنا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کے سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ پہلے 14 دن کے لیے دبئی میں قرنطینہ ہونا اور پھر سڈنی میں 14 دن کے لیے قرنطینہ ہونے کے بعد اب برسبین میں کوارنٹائن سخت نظر آرہا ہے اور ٹیم اب دورے کے آخر میں قرنطینہ نہیں ہونا چاہتی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر کوئنز لینڈ حکومت سخت کوارنٹائن پابندیوں میں نرمی نہیں کرتی تو چوتھے اور آخری ٹیسٹ کی میزبانی نیو ساؤتھ ویلز کی بجائے سڈنی کو ملنے کا امکان ہے۔