وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ حکومت سوشل میڈیا پر کسی بھی ایسی پابندی کے خلاف ہے جس سے ترقی کا عمل رکتا ہو۔ فائیو جی کی نیلامی کی تیاری کر رہی ہے جس کا دسمبر 2022 تک پاکستان میں آغاز کر دیا جائے گا۔
ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سماجی رابطوں کے نیٹ ورکس کے حوالے سے بنائے گئے قواعد پر بین الاقوامی کمپنیوں کے تحفظات دور کرنے کو تیار ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے کو ایک خصوصی انٹرویو میں وفاقی وزیر نے بین الاقوامی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کی حکومت کو سوشل میڈیا کے حالیہ نافذ کیے گئے قواعد پر اپنے اعتراضات سے آگاہ کریں۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے گزشتہ ماہ الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام کے قانون سے منسلک ضوابط کے اجرا کا نوٹی فیکشن جاری کیا تھا۔ اس نوٹیفیکیشن کے مطابق مذہب، پاکستان کے وقار، سلامتی، دفاع، ثقافتی اور اخلاقی اقدار کے خلاف مواد بلاک کرنے کے لیے متعلقہ کمپنیوں کو پابند کیا جائے گا۔ ان قواعد پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ سوشل میڈیا کمپنی یا ویب سائٹ کو مکمل طور پر پاکستان میں بلاک کر دیا جائے گا۔