سال 2020 کی ابتدا پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے کر نوع انسانی کو نئی چیزوں سے روشناس کروانے والے جس معاملے سے ہوئی تھی اِس کا اختتام بھی اسی کے ساتھ ہونے جارہا ہے۔
یہاں ہم بات کررہے ہیں عالمی وبا کورونا وائرس کی جو جدید دنیا میں انسانوں کو متاثر کرنے والا وہ واحد معاملہ ہے جو سال کے اختتام پر بھی اسی طرح نہ صرف زبان زد عام ہے جیسے آغاز میں تھا بلکہ ایک سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی یہ انسانوں کے لیے اب بھی بڑی حد تک معمہ بنا ہوا ہے۔
حالانکہ دنیا بھر میں سال کا بڑا حصہ کورونا وائرس اور اس سے منسلک واقعات اور تنازعات کی نذر رہا تاہم کچھ اور اہم عالمی واقعات بھی رونما ہوئے جنہیں ہم یہاں قلمبند کررہے ہیں۔
سال 2020 کے آغاز کے ساتھ تیسرے ہی روز سب سے بڑی خبر جو سامنے آئی وہ امریکی فضائی حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کی تھی، انتہائی اہم فرد کی ہلاکت طویل عرصے سے امریکا کے ساتھ تنازع میں گھرے ایران کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوئی۔
اس واقعے کے 2 روز بعد ہی 5 جنوری کو ایران نے عالمی طاقتوں کے ساتھ 2015 میں کیے گئے جوہری معاہدے سے مکمل طور پر دستبرداری کا اعلان کردیا تھا جس سے امریکا پہلے ہی علیحدہ ہوچکا تھا۔