برطانیہ کی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم بورس جانسن کا یورپی یونین سے نیا تجارتی معاہدہ حاصل کرنے کے بعد برطانیہ اور ترکی کے درمیان منگل کو آزادانہ تجارت کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک ایک معاہدے پر دستخط کریں گے جس میں انقرہ اور لندن کے درمیان موجودہ تجارتی شرائط کی نقل ہوگا تاہم برطانوی وزیر تجارت لِز ٹروس نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم اس معاہدے پر دستخط کرنے کی توقع کرتے ہیں جس سے ٹیرف فری تجارتی انتظامات ہوں گے اور ہمارے تجارتی تعلقات کو مدد ملے گی’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اس سے مینوفیکچرنگ، آٹوموٹو اور اسٹیل کی صنعتوں میں برطانیہ میں ہزاروں ملازمتیں پیدا ہوں گی’۔
انہوں نے کہا کہ ‘اب ہم مستقبل قریب میں ترکی کے ساتھ برطانیہ اور ترکی کے تجارتی معاہدے کے تحت کام کرنے کے منتظر ہیں’۔