تہران: ایران کے پہاڑی سلسلے میں برفباری اور تودا گرنے کے باعث 11 کوہ پیما ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران کے شمالی پہاڑی سلسلے البروز میں برفانی تودا گرنے کے سبب 11 کوہ پیما ہلاک ہو گئے جن میں سے 10 جائے وقوعہ پر ہی ہلاک ہوئے جب کہ ایک نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔
ایران میں گزشتہ چار دنوں سے برفباری کے ساتھ تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث پہلے ہی دو کوہ پیماؤں کی لاشیں ملی تھیں اور متعدد لاپتہ تھے۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے امدادی کاموں میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ ایران کا دارالحکومت تہران البروز پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع ہے جس میں کئی اسکی ریزورٹس بھی موجود ہیں اور دنیا بھر سے سیاح اس مقام کا رخ کرتے ہیں۔