امریکا: ایئرفورس بیس میں فائرنگ سے 2 اہلکار ہلاک

357

امریکا کی ریاست ڈکوٹا میں ایئر فورس کے بیس میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

فائرنگ کا واقعہ شمالی ڈکوٹا میں واقع گرینڈ فورکس ایئر فورس بیس میں صبح پیش آیا جس میں 319 ریکوننینس ونگ کے 2 ایئرمین ہلاک ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ صبح تقریباً ساڑھے چار بجے ہوئی اور بیس پر موجود ہنگامی ٹیم نے موقع پر ایکشن لیا۔

گرینڈ فورکس بیس حکام کے مطابق صورتحال اب ’قابو‘ میں ہے۔

بیس کے ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اس لیے کسی بھی سوال کا جواب دینا قبل از وقت ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والے اہلکاروں سے متعلق معلومات ان کے لواحقین کی اجازت کے بغیر فراہم نہیں کی جا سکتیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس کے اوائل میں امریکی بحری اڈے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مذکورہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا تھا اور ریاست کے گورنر نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی بحری اڈے میں حملہ کرنے والا سعودی فضائیہ کا اہلکار تھا جو فوجی تربیت کے لیے امریکا میں موجود تھا۔