امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے ڈینیئل پرل اغوا اور قتل کیس کے 4 ملزمان کی حراست کو کالعدم قرار دینے اور انہیں فوری رہا کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کردیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ اسے 24 دسمبر کے سندھ ہائی کورٹ کے ’ڈینیئل پرل کے قتل کے ذمہ دار متعدد دہشت گردوں‘ کو رہا کرنے کے فیصلے پر ’شدید تشویش‘ ہے۔
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ محکمہ اس کیس میں ہونے والی کسی بھی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کرے گا اور ڈینیئل پرل کی بطور صحافی میراث کا احترام کرتے ہوئے ’اس انتہائی مشکل عمل کے دوران‘ ان کے اہل خانہ کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔