جرمنی: پاکستانی تارکین وطن کی قائم کردہ مسجد کے 26 سالہ نائب امام قتل

315

جرمنی سے ایک افسوسناک خبر آئی ہے جہاں پر ایک پاکستانی تارکین وطن کی قائم کردہ مسجد کے 26 سالہ نائب امام کو قتل کردیا گیا۔

جرمن میڈیا کے مطابق جرمن صوبے باڈن ورٹمبرگ کے دارالحکومت شٹٹ گارٹ میں پاکستانی تارکین وطن کی قائم کردہ مسجد المدینہ کے نائب امام کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا، 26 سالہ مقتول شاہد نواز قادری کا تعلق گجرات سے تھا۔

شٹٹ گارٹ پولیس کے مطابق مقتول شاہد نواز گزشتہ شام اپنی اہلیہ کے ہمراہ گوئپنگن کاؤنٹی کے قصبے میں واقع دریائے فِلز کے قریب سیر کر رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے دونوں پر سلاخوں سے حملہ کر دیا، حملہ اس قدر شدید تھا شاہد نواز موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ ان کی اہلیہ چوٹ لگنے سے زمین پر گر کر بے ہوش ہوگئیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور ممکنہ ثبوت محفوظ کر لیے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے پولیس ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا گیا تاہم ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔