ویزوں کے اجرا پر عارضی پابندی کورونا وائرس کی باعث لگائی گئی، اماراتی وزیر خارجہ

414

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد النہیان نے واضح کیا ہے کہ ویزوں کے اجرا پر عارضی پابندی عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث لگائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ 18 نومبر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان سمیت 12 ممالک کو وزٹ ویزا کے اجرا کا عمل عارضی طور پر غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا تھا۔

اماراتی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے یو اے ای کے حالیہ دورے کے موقع پر کووِڈ 19 سے پیدا ہونے والی مشکلات اور اس کے اثرات پر گفتگو کی گئی۔

علاوہ ازیں دونوں برادر ممالک اور ان کے عوام کی خواہشات کے حصول کے لیے مزید مشترکہ تعاون کے پہلوؤں، باہمی دلچسپی کے معاشی اور سرمایہ کاری کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امارات کے وزیر خارجہ نے یہ بیان پاکستانی وزیر خارجہ کے دورہ متحدہ عرب امارات کے تناظر میں جاری دیا۔

اماراتی وزیر خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تعلقات گزشتہ دہائیوں میں مسلسل مضبوط ہوئے ہیں اور اس کی ترجمانی کثیر الجہتی تعاون میں ہوتی ہے اور خطے میں عرب-ایشیائی تعلقات کا منفرد معاملہ ہے۔