چارلی ہیبڈو کے پرانے دفاتر پر حملہ: فرانس میں 4 پاکستانی نژاد افراد گرفتار

379

فرانسیسی انتظامیہ نے ستمبر کے آخر میں جریدے چارلی ہیبڈو کے سابق دفاتر کے باہر چاقو سے حملے کے الزام میں گرفتار پاکستانی نژاد شخص سے مبینہ تعلق کے شبے میں مزید 4 پاکستانی نژاد افراد کو گرفتار کر لیا۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں گستاخانہ خاکے بنانے اور شائع کرنے والے میگزین ‘چارلی ہیبڈو’ کے دفاتر کے باہر چاقو کے حملے میں 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کے مطابق عدالتی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ‘پیر کے روز 4 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے ایک پر بدھ کو دہشت گردی کی سازش کا الزام عائد کردیا گیا، جبکہ دیگر افراد کو جج کے سامنے پیش کیا جائے گا اور ان پر بھی باضابطہ الزام عائد کیے جانے کا امکان ہے’۔

ذرائع نے اخبار لے پاریسین کی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان افراد پر شبہ ہے کہ انہیں پہلے سے حملہ آور کے منصوبے کا علم تھا اور انہوں نے اسے اس پر اکسایا’۔