امریکا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملے نے قطر میں طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کی اور افغانستان میں کشیدگی کو کم کرکے امن عمل کو تیز کرنے پر زور دیا۔
خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ جنرل مارک ملے نے ملاقات طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات میں 5 جنوری تک وقفے کے دوران کی۔
افغان طالبان اور حکومت 5 جنوری سے ایجنڈے پر مذاکرات جاری رکھیں گے۔
امریکی عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جنرل مارک ملے نے اس سے قبل جون میں طالبان کے عہدیداروں سے ملاقات کی تھی لیکن اس اجلاس کے حوالے سے خبر جاری نہیں کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف طالبان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں جبکہ سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو اور امریکی فوج کےدیگر اعلیٰ عہدیدار طالبان سے افغانستان میں اس سے پہلے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔
امریکی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے اور سیاسی حل کے لیے مذاکرات کو تیز کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا جو خطے کے استحکام اور امریکا کے قومی مفادات کے تحفظ کا باعث ہیں’۔