لاہور: پاکستانی نوجوان سیّد منیب علی نے جرمنی کی ’فرائی یونیورسٹی‘ میں پلینٹری سائنس کے ماہر، ڈاکٹر نوزیر خواجہ کے تعاون و اشتراک سے ایک تھری ڈی اینی میشن تیار کی ہے جس میں سیارہ زحل کے چاند اینسیلاڈس پر زندگی کے حوالے سے اہمیت رکھنے والے مختلف کیمیائی تعاملات (کیمیکل ری ایکشنز) مختصراً پیش کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اگرچہ پاکستان میں بہت سے اینی میشن ہاؤسز موجود ہیں لیکن سنجیدہ نوعیت کی سائنسی مصوری اور سائنسی اینی میشنز تیار کرنے والوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔
’’ایکسپریس نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سیّد منیب علی نے بتایا کہ اس بارے میں تمام ضروری متعلقہ سائنسی معلومات انہیں ڈاکٹر نوزیر خواجہ نے فراہم کی تھیں جبکہ انہیں استعمال کرتے ہوئے ’’تھری ڈی اینی میشن‘‘ کو وژولائز کرنے سے لے کر بنانے تک کا تمام کام انہوں نے بغیر کسی کی مدد کے، خود انجام دیا ہے۔