اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں: وزیراعظم تیونس

365

تیونس کے وزیراعظم ہشام مشیشی کا کہنا ہےکہ ان کے ملک کا اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کو انٹرویو میں تیونس کے وزیراعظم نے مراکش کی جانب سے اسرائیل سے تعلقات بحال کرنے پر رد عمل میں کہا کہ ان کا ملک ایسا کوئی فیصلہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تیونس کے لیے یہ سوال ایجنڈے کا حصہ نہیں ہے البتہ انہوں نے زور دیا کہ وہ مراکش کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر ملک کے پاس اپنی شناخت، سچائی اور سفارتکاری ہے جس میں وہ عوام کی بہترین کے لیے غور کرتے ہیں لیکن ہم مراکش کے فیصلے کا بے حد احترام کرتے ہیں، وہ ہمارا دوست ملک ہے اور ہمیں اس سے بہت محبت ہے۔

خیال رہےکہ گزشتہ ہفتے مراکش نےبھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد متحدہ عرب امارات، بحرین اور سوڈان کے بعد اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے والا چوتھا عرب ملک ہے۔