امریکا میں بھی کورونا ویکسین کا استعمال شروع

270

کورونا سے متاثر دنیا کے سب سے بڑے ملک امریکا نے بھی وبا سے تحفظ کے لیے فائزر و بائیو این ٹیک کی تیار کردہ ویکسین کا عام استعمال شروع کردیا۔

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ریگولیٹر اتھارٹی نے 2 دن قبل 13 دسمبر کو ہی فائزر و بائیو این ٹیک کی ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔

ویکسین کے عام استعمال کی منظوری کے محض 2 دن بعد امریکا میں اس کا عام استعمال شروع کردیا گیا۔

15 دسمبر کو امریکی ریاست مشی گن اور نیو جرسی سمیت دیگر ریاستوں کے 400 سے زائد ہسپتالوں اور طبی مراکز میں ویکسینیشن کا آغاز کردیا گیا۔

ابتدائی طور پر امریکا میں طبی رضاکاروں اور عمر رسیدہ افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔

امریکا میں ویکسین کا پہلا ڈوز نیویارک کی نرس سندرا لندسے کو لگایا گیا جبکہ ریاست مشی گن میں بھی ایک 43 سالہ خاتون نرس کو پہلا ڈوز دیا گیا۔

دونوں نرسز کو ویکسین لگائے جانے کا مرحلہ براہ راست ٹی وی چینل سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی دکھایا گیا۔