قومی خواتین کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی

503

 لاہور: پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی جس میں وہ تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

پی سی بی اور کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد دورے کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ دونوں ممالک کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز بیس جنوری سے تین فروری تک جاری رہے گی۔ سیریز کا آغاز اور اختتام ڈربن سے ہوگا، وہاں میں کھیلا جانے والا پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ 20 جنوری جب کہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ تین فروری کو ہوگا۔ یہ دونوں میچز برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔

سیریز کا دوسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بھی ڈربن میں کھیلا جائے گا، اس میچ کے لیے دونوں ٹیمیں تئیس جنوری کو مدمقابل آئیں گی۔ تیسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ اور پہلے دونوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بالترتیب 26، 29 اور 31 جنوری کو پیٹرمریٹزبرگ میں کھیلے جائیں گے۔

ویمنز کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے 27 خواتین کھلاڑیوں کو حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی طلب کرلیا گیا ہے، جہاں تربیتی کیمپ کا آغاز 20 دسمبر سے ہوگا۔

اس دوران کیمپ میں شریک تمام خواتین کرکٹرز اور اسپورٹ اسٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہیں گے۔ یہ بائیو سیکیور ماحول بھی پی سی بی کے کوویڈ 19 پروٹوکولز کے عین مطابق ہوگا۔ بائیو سیکیور ماحول میں داخلے سے قبل اسکواڈ میں شامل ہر رکن کا ایک کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا، ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں اسے کیمپ میں داخلے کی اجازت مل جائے گی۔ کیمپ میں رپورٹ کرتے ہی ان کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی لے لیا جائے گا۔