امریکا میں بچوں کی فٹبال ٹیم کے کوچ نے ایک نو عمر کھلاڑی کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا جس کے بعد کوچ کو نوکری سے برطرف کردیا گیا، پولیس نے بھی اس کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے لوگوں کو سخت پریشان کردیا، ویڈیو ریاست فلوریڈا کی ایک کاؤنٹی میں ہونے والے ینگ فٹبال ٹیم کے میچ کی ہے جس میں جارجیا کی ٹیم کا کوچ ایک کھلاڑی (بچے) سے مار پیٹ کر رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک کھلاڑی کو زور سے ہٹ کرتا تھا جس کے بعد بقیہ بچے پریشان ہو کر کوچ کے گرد جمع ہوجاتے ہیں۔
اس ویڈیو کو لاکھوں بار دیکھا گیا اور لوگوں نے اس ویڈیو پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں بے شمار بے افراد نے یہ ویڈیو بھیج کر معاملے میں مداخلت کرنے کے لیے کہا، ایک شکایت کرنے والے کا کہنا تھا کہ وہ ویڈیو میں موجود نو عمر کھلاڑیوں یا دیگر افراد میں سے کسی کو بھی نہیں جانتا لیکن وہ اسے دیکھ کر سخت پریشان ہے۔
پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، پولیس کی جانب سے امریکن یوتھ فٹبال لیگ کی انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا گیا۔
لیگ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ کوچ کی شناخت گیرل ولیمز کے نام سے ہوئی ہے، ان کے مطابق ویڈیو سامنے آنے کے بعد وہ مذکورہ کوچ کو برطرف کر چکے ہیں اور آئندہ اس کے کسی بھی کھیل میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر چکے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ کوچ کی حرکت کھیل کے اصولوں کے خلاف ہے، کوچ کو جونیئر پلیئرز کا رول ماڈل ہونا چاہیئے۔