کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر میں سنیماز بند ہونے اور کنسرٹس نہ ہونے کی وجہ سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کافی زیادہ متاثر ہوئی ہے۔
کچھ ممالک میں کورونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کے بعد کنسرٹس ہوئے تھے جن میں سے کچھ وبا کے پھیلاؤ کا باعث بھی بنے۔
اب خبریں ہیں کہ پاکستان کے نامور گلوکار عاطف اسلم آئندہ برس 2021 میں دبئی میں ایک میوزک کنسرٹ کریں گے۔
جو 2020 میں کورونا کی وبا کے بعد دبئی میں ہونے والا شاید پہلا کنسرٹ ہوگا جہاں اس مرض کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت پابندیاں نافذ کی گئی تھیں۔
عالمی وبا کے باوجود ہونے والا یہ کنسرٹ دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے شیخ رشید ہال میں ہوگا۔
اس میوزک کنسرٹ کا اہتمام بلیو بلڈ کی جانب سے کیا جارہا ہے، جس کی چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) شائستہ خان نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ لائیو ایونٹ میں تمام ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گہا کہ ‘کنسرٹ میں دبئی حکومت کی ہدایات کے ساتھ کورونا وائرس سے متعلق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی تجاویز پر بھی عمل کیا جائے گا’۔