واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی ویکسین 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں لگانے کا عمل شروع ہوجائے گا۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے کرونا وائرس کے لیے فائزر کی ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ اس سے پہلے برطانیہ اور کینیڈا بھی فائزر کی کرونا ویکسین کی منظوری دے چکے ہیں۔
فائزر کی ویکسین کی منظوری کے لیے وائٹ ہاؤس کی ایف ڈی اے چیف کو مبینہ دھمکی بھی سامنے آئی تھی۔
خیال رہے کہ امریکا کرونا وائرس سے دنیا کا سب سے زیادہ متاثر ملک بن چکا ہے اور کووڈ مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے سرفہرست ہے۔
امریکا میں اب تک 1 کروڑ 65 لاکھ سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ کووڈ سے ہلاک مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار ہوچکی ہے۔
ملک میں فعال کیسز کی تعداد 65 لاکھ سے زائد ہے جبکہ 96 لاکھ سے زائد افراد اس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔