ریاضی اور سائنس کے 16 سالہ استاد کے 6 لاکھ فالوورز

894

 نیویارک: 

لاک ڈاؤن میں لوگ یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر فضول قسم کی ویڈیوز دیکھ کر وقت ضائع کررہے لیکن ایک نوعمر استاد نے بچوں کو پڑھانے کی ٹھانی اور ان کے لیکچر کے فالوورز کے تعداد اب 6 لاکھ سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔

نیویارک کے 16 سالہ الیکسس لورریز نے ٹک ٹاک کے غیرسنجیدہ پلیٹ فارم کو سائنس اور ریاضی کی سنجیدہ تدریس کے لیے استعمال کیا ہے۔ ٹک ٹاک رقص کے چیلنج اور مزاحیہ خاکوں سے بھرا ہوا ہے لیکن اسی پلیٹ فارم پر انہوں نے فروری 2020 سے تدریسی ویڈیوز جاری کرنا شروع کی۔

ایلکسس کی خاص بات یہ ہے کہ وہ مختصر اور جامع اسباق تیار کتے ہیں اور اب انہیں ٹِک ٹاک ٹیوٹر کا خطاب مل چکا ہے۔ واضح رہے کہ وہ نیویارک کے مشہور اسکول ہیرلم پریپ اسکول میں ریاضی کے 4 جی پی اے حاصل کرچکے ہیں۔

چند ماہ میں انہوں نے ریاضی، طبعیات، کیمیا اور جیومیٹری پر 100 سے زائد ویڈیو بنائی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ فیثاغورسی تھیورم، سائن، کوسائن، ایٹم، الیکٹرون اور ریڈوکس وغیرہ پر عام فہم انداز میں ویڈیو بناتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پیچیدہ ترین تصورات کو عام فہم انداز میں سمجھانے پر انہیں ملکہ حاصل ہے اور لوگوں نے اس فطین کی اسی صلاحیت کو بہت سراہا ہے۔