تھیکا، نیویارک: ماہرینِ فلکیات کا کہنا ہے کہ ’’واسپ 12 بی‘‘ نامی ایک سیارہ بڑی تیزی سے اپنے مرکزی ستارے کے قریب ہوتا جارہا ہے اور وہ ہمارے سابقہ اندازوں سے بہت پہلے ہی اپنے ستارے سے ٹکرا کر فنا ہوجائے گا اور اپنا وجود ختم کرلے گا۔
اس سے بہت کم روشنی منعکس ہوتی ہے جس کی بناء پر اسے ’’کوئلے سے بھی زیادہ کالا‘‘ سیارہ کہا جاتا ہے۔ اپنی کچھ عجیب و غریب خصوصیات کے باعث ماہرین نے باقاعدگی سے اس پر نظر رکھی ہوئی ہے۔
کچھ عرصہ پہلے سائنسدانوں نے دریافت کیا تھا کہ یہ سیارہ اپنے مرکزی ستارے کے قریب سے قریب تر ہوتا جارہا ہے اور آج سے لگ بھگ 33 لاکھ سال بعد اس سے ٹکرا کر ہمیشہ کےلیے ختم ہوجائے گا۔
بظاہر یہ زمانہ بہت طویل لگتا ہے لیکن کائناتی پیمانے پر دیکھا جائے تو چند لاکھ سال کی مدت بھی صرف چند منٹ کے برابر سمجھی جاتی ہے۔
یہ تفصیلات ’’دی ایسٹرونومیکل جرنل‘‘ میں اشاعت کےلیے منظور ہوچکی ہیں جبکہ پری پرنٹ سرور ’’آرکائیو ڈاٹ آرگ‘‘ (arXiv.org) پر اس مقالے کی ایک ایڈوانس کاپی بھی موجود ہے۔