علم نہیں تھا پاکستانی مجھ سے اتنا پیار کرتے ہیں: اینگن التان

363

ترکی کی عالمی شہرت یافتہ ڈرامہ سیریل ارتغرل غازی کے ہیرو ’’اینگن التان‘‘ کہتے ہیں پہلی بار پاکستان آیا ہوں، پاکستانی مجھ سے اتنا پیار کرتے علم نہیں تھا، موقع ملا تو پاکستانی ڈرامے میں ضرور کام کروں گا۔

ترکی کی ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے ہیرو کی پاکستان آمد، عالمی شہرت یافتہ اداکار اینگن التان زندہ دلان لاہور کے مہمان بن گئے۔ پی سی ہوٹل میں پرستاروں نے اپنے ہیرو کے ساتھ خوب سیلفیاں بنوائیں۔

نامور اداکار اینگن التان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ارتغرل غازی ایک بڑی سیریز ہے، پاکستانیوں نے اس کو بہت پذیرائی بخشی۔ امید ہے پاکستان ،ترکی کا بھائی چارہ مستقبل میں بھی ایسےہی جاری رہےگا۔ پاکستانی مجھ سے اس قدر محبت کرتے ہیں، اس کا علم نہ تھا۔ پاکستان کا پہلا دورہ ضرور ہے مگر آخری نہیں۔

ترکی کے نامور اداکار نے کہا کہ پاکستان میں شمالی علاقہ جات اور تاریخی جگہیں دیکھنا چاہتا ہوں، وزیراعظم عمران خان کی میری ڈرامہ سیریل سے محبت فخر کی بات ہے۔ ہماری سیریز میں مسلمانوں کی تاریخ کے حوالے سے حقائق سامنے لائے گئے۔

اس موقع پر اینگن التان کے پاکستانی میزبان کاشف ضمیر اور ٹی آر ٹی اردو سروس کے سربراہ ڈاکٹر فرقان حمید بھی موجود رہے۔