اسرائیل کے خلاف شام کی حمایت جاری رکھیں گے، ایران

379

تہران: ایران نے شام کو حمايت کا یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کے ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت کو مزید تیز کرے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد ایران کے دورے پر پہنچے ہیں جہاں انہوں نے صدر حسن روحانی سے ملاقات کی اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر صدر حسن روحانی نے شام پر گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کے ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران شام کی حمایت کرتا رہے گا۔ خطے میں طاقت کے توازن کے بگاڑ کے اسرائیل کے عزائم کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب شام کے وزیر خارجہ نے حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے خواہاں ہیں اور اس کے لیے شام نے دہشت گردوں سے طویل جنگ کی ہے جو اب بھی جاری ہے۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے ایک دوسرے سے روابط بحال رکھنے اور مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ ایران کا ایک اعلیٰ وفد بھی جلد شام کا دورہ کرے گا۔