بھارت میں حال ہی میں ہونے والی زرعی اصلاحات کے خلاف کسانوں کا احتجاج 10 روز بعد شدت اختیار کرگیا ہے اور کسانوں نے ملک بھر میں ریلوے ٹریکس اور ہائے ویز بند کرتے ہوئے اس معاملے پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق کسان وید سنگھ نے ہڑتال سے قبل اپنے ساتھیوں کے خدشات کو بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بڑی بڑی کارپوریشنز قیمتیں کم کردیں گی اور ان کا روزگار تباہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ‘ہم پریشان ہیں، انتہائی پریشان ہیں، ہمارے بچے بھوک سے مر جائیں گے، اس سے بڑی پریشانی اور کیا ہوسکتی ہے’۔
دوسری جانب حکام نے کسی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے پیشِ نظر دہلی میں پولیس کی نفری جبکہ بھارت بھر کے دیگر حصوں میں سیکیورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔