واشنگٹن: بالخصوص بچے اور بیمار بعض غذائیں کھانے سے انکار کردیتے ہیں لیکن اب ایک برقی چمچہ کئی طرح کے کھانوں کے ذائقے کو بڑھا سکتا ہے۔ اس چمچے میں دوڑتی ہوئی ہلکی بجلی زبان پر موجود ہزارو غذائی غدود (ٹیسٹ بڈز) کو سرگرم کرتی ہے۔
اس کے موجد باپ بیٹا ہیں جو 20 برس سے غذائی صنعت سے وابستہ ہیں۔ اس سے قبل ان کی کئی مصنوعات ایوارڈ جیت چکی ہیں۔ اب انہوں نے ’اسپون ٹیک‘ کے نام سے ایک چمچہ بنایا ہے جو دہی، آئسکریم، سوپ اور دیگر غذاؤں کے ذائقے کو بڑھاتا ہے اور کھانے کے بعد بھی ان کے احساس کو قائم رکھتا ہے۔
ہماری زبان میٹھا، نمکین، کڑوا، کھٹا اور پھیکا ذائقہ محسوس کرسکتی ہے۔ کھاتے وقت زبان پرمختلف حصوں کے مختلف ذائقے بتانے والے غدود سرگرم ہوجاتے ہیں غذائی کیمیکل کا ذائقہ دماغ تک بھیجتے ہیں تاہم بھوک کی شدت اور گزشتہ تجربات کی وجہ سے بھی غذائی ذائقہ کم یا زیادہ ہوسکتا ہے۔