ڈونلڈ ٹرمپ کا صومالیہ سے بھی امریکی فوجیوں کو واپس طلب کرنے کا فیصلہ

366

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مختلف ممالک میں تعینات ملکی فوجیوں کی واپسی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ صومالیہ سے بھی امریکی فوجیوں کو واپس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق اور افغانستان کے بعد اب شورش زدہ افریقی ملک صومالیہ سے بھی ملکی افواج کے انخلاء کا حکم جاری کیا ہے۔ صومالیہ میں 700 امریکی فوجی تعینات ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان فوجیوں کی تعیناتی کا مقصد القاعدہ سے وابستگی رکھنے والی انتہا پسند مسلح تنظیم الشباب کی پرتشدد کارروائیوں کو کنٹرول کرنے کی صومالی فوج کی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔

قبل ازیں صدر ٹرمپ افغانستان اور عراق میں بھی متعین فوجیوں میں کمی کرتے ہوئے ایک بڑی تعداد میں اپنے فوجیوں کے انخلاء کا اعلان کر چکے ہیں۔

ٹرمپ مسلسل اپنے فوجیوں کی واپسی کا تذکرہ کرتے رہے ہیں اور اب یہ فیصلہ بھی انہی بیانات کا تسلسل ہے۔ ٹرمپ کے پلان کے تحت عراق میں امریکی فوجیوں کی تعداد تین ہزار سے کم کر کے ڈھائی ہزار اور افغانستان سے پانچ ہزار فوجیوں کی تعداد نصف کرنے کے فیصلے کیے جا چکے ہیں۔