پیسہ یہ پیسہ

11

پیسہ بچانا سب کو اچھا لگتا ہے چاہے وہ ملینئر ہو یا بھکاری جب بھی کسی کو یہ احساس ہوتا ہے کہ میں نے کچھ پیسے بچائے ہیں تو چاہے وہ کتنی ہی چھوٹی رقم کیوں نہ ہو اس سے ایک کامیابی کا احساس ہوتاہے، اسے لگتا ہے کہ میں نے کچھ حاصل کیا ہے، قطرہ قطرہ دریا بنتا ہے، اگر ہم کچھ چیزوں میں سمجھداری سے کام لیں تو پیسے کی بچت بھی ہو گی اور ساتھ میں ہمیں بار بار کامیابی کی خوشی بھی محسوس ہو گی۔
آج بچت کے کچھ ایسے طریقے جانتے ہیں کہ جنہیں اپنانے سے یقینافائدہ ہو گا، ایک تو سب سے پہلے اس بینک میں اکائونٹ کھولیں جو آپ کو Reward pointsدیتا ہو، بینک کی سروسز، سب استعمال کرتے ہیں اگر آپ ریسرچ کریں تو ایسے بینک ملیں گے جو Reward pointsدیتے ہیں اپنے اکائونٹ ہولڈرز کو اس کے علاوہ آج کی دنیا میں خصوصاً امریکہ میں ہر بڑی کمپنی ای میل کے ذریعے ڈسکائونٹ آفرز دیتی ہے، آج بھی دنیا کا نمبرون مارکیٹنگ چینل ٹی وی ہے لیکن دوسرا ہے ای میل، اسی لئے ای میل کے ذریعے کمپنیاں بڑے بڑے ڈسکائونٹ دیتی ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ یہیں سے انہیں زیادہ سے زیادہ کسٹمر ملتے ہیں، اس لئے ایک ای میل ایڈریس بنائیں اور اس کا کام صرف یہ رکھیں کہ اس پر آپ کوپن جمع کریں ہر کمپنی کی ای میل لسٹ کیلئے سائن اپ کر لیں، ان کو پنز سے آپ بڑی بچت کر پائیں گے۔
کئی سٹیڈیز یہ بتاتی ہیں کہ انسان بیشتر شاپنگ IMPULSEپر کرتا ہے کوئی چیز دیکھتا ہے اور جذباتی ہو کر خرید لیتا ہے، کئی بار تو بڑی بڑی چیزیں ہم خرید لیتے ہیں حالانکہ اگر رکتے اور سوچتے تو شاید کبھی نہ خریدتے، اسی لئے تیس دن کااصول بنا لیں یعنی اپنے آپ کو تیس دن کا وقت دیں کہ آیا میں وہ چیز خریدوں یا نہیں؟؟
ایک اور اہم بات کہ امریکہ میں گروسری کی دکانیں اس طرح ڈیزائن کی جاتی ہیں کہ آپ داخل ہو کر زیادہ سے زیادہ سامان خریدیں، انڈے یا دودھ تک جانے کے لئے ہمیں کئی ایسی چیزوں کے سامنے سے گزرنا پڑتا ہے جس سے آپ Temptہوتے ہیں، سیریل جہاں رکھے ہوتے ہیں وہاں زیادہ چینی والے سیریل نیچے کی طرف رکھے جاتے ہیں تاکہ بچے انہیں خود ہی اٹھا لیں، آپ سال کے سینکڑوں ڈالرز بچا سکتے ہیں اگر آپ لسٹ بنا کر لے جائیں اور اس کے علاوہ ادھر ادھر کی کوئی چیزنہ خریدیں۔
بچوں پر سمجھداری سے خرچ کریں اکثر لوگوں کو لگتا ہے کہ انہیں بچوں کو خوش رکھنے کے لئے ہزاروں ڈالرز خرچ کرنے چاہئیں، بچوں کو پیسوں کا ادراک اس طرح نہیں ہوتا جیسے کہ بڑوں کو ہوتا ہے اور بچے اکثر ان چیزوں سے خوش ہو جاتے ہیں جن میں زیادہ پیسے خرچ نہیں ہوتے جیسے پارک میں کھیلنا یا پرانے اخباروں سے گھروں کے ماڈل بنانا، بچوں کے ساتھ کوالٹی ٹائم گزاریں نہ کہ ایسا وقت جس میں بہت سی رقم کا زیاں ہو۔
؎بہت سا پانی پئیں، اب آپ سوچیں گے کہ یہ کیسے پیسے کی بچت کر سکتا ہے، پانی پینے یعنی Hydratedرہنے کے کئی فائدے ہیں، آپ اگر ہر کھانے سے پہلے ایک گلاس بھر کر پانی پی لیں تو آپ کم کھائیں گے یعنی کہ اس طرح آپ کا وزن کنٹرول میںرہے گا، آپ بیماریوں سے بچے رہیں گے اور ڈاکٹر اور دائوں کے اخراجات سے بچے رہیں گے۔
فاسٹ فوڈ سے گریز کریں یہ آپ کی صحت کیلئے نقصان دہ ہے اور پھرمہنگا بھی پڑتا ہے، پورے ہفتے کے کھانے اگر آپ ویک اینڈ پر تیار کر لیں تو آپ پیسے کی خاصی بچت کر سکتے ہیں، کمرے سے باہر نکلتے وقت اگر بجلی اور پنکھا آف کر دیں تو بجلی کی کمپنیوں کے مطابق امریکہ کے گھروں میں بجلی کے بل تیس فیصد زیادہ اس لئے آتے ہیں کہ بلا ضرورت بجلی چلتی رہتی ہے جو سال میں بہت بڑی رقم بن جاتی ہے اور ساتھ ہی آپ Programable تھرموسٹیٹ لگوا لیں تو آپ فون سے ہیٹنگ اور اے سی کنٹرول کر سکتے ہیں، اس طرح سے آپ وقت کے حساب سے اے سی اور ہیٹنگ کو کنٹرول کر سکتے ہیں یہ صرف سو ڈالر کے آس پاس ملتے ہیں مگر آنے والے دنوں میں ہزاروں ڈالرز کی بچت کروا سکتے ہیں۔ واشنگ مشین فریج وغیرہ سستے مت خریدیں، اچھی کمپنی کے اچھی کوالٹی والے لیں ہو سکتا ہے خریدتے وقت یہ آپ کو مہنگے لگیں لیکن یہ وہ چیزیں ہیں جو مستقل بجلی کا استعمال کرتی ہیں، اگر آپ ان چیزوں میں شروع میں کچھ پیسے بچانے کی کوشش کریں گے تو اگلے کچھ سالوں میں زیادہ بجلی کے استعمال کی وجہ سے ہزاروں کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔
امریکہ میں آج بھی گیراج سیلز لگتی ہیں اور اگر آپ گیراج سیل نہیں لگانا چاہتے تو اپنی پرانی چیزوں کو ای بے پر بیچیں، وہ چیزیں جو آپ پھینک دیتے ہیں یعنی گاربیج کر دیتے ہیں وہ آپ کو سینکڑوں ڈالر د سکتے ہیں، عموماً نئی گاڑیاں پہلے تین سال میں اپنی ویلیو تیس فیصد کھو دیتی ہیں لیکن بینک اب بھی ان گاڑیوں پر سپیشل ریٹ پر فنانس کررہے ہوتے ہیں کیونکہ وہ پہلے تین سال تک گاڑی کو نیا ہی تصور کرتے ہیں، جب بھی گاڑی خریدیں کوشش کریں کہ کم چلی ہوئی دو تین سال پرانی گاڑی لیں اس سے آپ ہزاروں ڈالرز بچا سکتے ہیں۔
پیسے کی بچت ضرور کریں مگر یہ بھی یاد رکھیں کہ زندگی صرف ایک بار ملتی ہے اور آپ کے چاہنے والے ہمیشہ آپ کے ساتھ نہیں رہتے اچھاوقت گزاریں، خوش رہیں اور کنجوسی مت کریں، اپنوں پر کھل کر خرچ کریں اور لگے کہ زیادہ خرچ ہورہا ہے تو یہ سوچ کر اطمینان کر لیجئے کہ اگلی بار نئی نہیں پرانی گاڑی لے کر ہزاروں کی بچت کر لوں گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.