ایف آئی اے کی تنظیم نو کا فیصلہ ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منظوری دےدی

ذرائع کے مطابق گریڈ 20 کے ڈائریکٹر عہدے کی مزید 7 نئی آسامیوں کی منظوری دی گئی ہے ، ایڈیشنل ڈائریکٹر کے گریڈ 19 کی مزید 4 جب کہ گریڈ 18 کے 28 نئے ڈپٹی ڈائریکٹر کی تقرری ہوگی
اسلام آباد (ویب ڈیسک + خبر ایجنسیاں) وفاقی حکومت نے ایف آئی اے کی تنظیم نو کا فیصلہ کر لیا جس کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منظوری دے دی۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے ایف آئی اے کی تنظیم نو کا ٹاسک موجودہ ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاءکو سونپ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی تنظیم نو کے تحت پہلی مرتبہ ایڈیشنل ڈی جی کے عہدے سمیت ساڑھے بارہ سو نئی آسامیوں کی بھی منظوری دی گئی ہے۔حکومت کے اعلیٰ سطح ذرائع نے بتایا کہ تنظیم نو کی سفارشات وزارت داخلہ کی طرف سے وزیراعظم آفس کو منظوری کے لیے بھجوائی گئی تھیں جنہیں توثیق کے بعد وزیراعظم آفس نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوائی جس کی صدر نے حتمی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے میں بڑی تعداد میں گریڈ ایک سے گریڈ 21 تک مزید نئے عہدے تفویض کیے جائیں گے، پہلی مرتبہ ایف آئی اے میں اب گریڈ 21 کا ایڈیشنل ڈی جی بھی تعینات ہوگا، یوں تنظیم نو کے تحت گریڈ 21 کے ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے کا نیا عہدہ بنایا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق گریڈ 20 کے ڈائریکٹر عہدے کی مزید 7 نئی آسامیوں کی منظوری دی گئی ہے ، ایڈیشنل ڈائریکٹر کے گریڈ 19 کی مزید 4 جب کہ گریڈ 18 کے 28 نئے ڈپٹی ڈائریکٹر کی تقرری ہوگی۔ ایف آئی اے میں 56 نئے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ، 7 سپرنٹنڈنٹس،97 انسپکٹرز اور 121 نئے اے ایس آئی بھرتی ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق نئی آسامیوں پر بھرتیوں کا طریقہ کار جلد وضع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے اور وزارت خزانہ سمیت اکاو¿نٹینٹ جنرل کو بھی انتظامات کےحوالے سے خطوط لکھ دئیے گئے ہیں۔وفاقی حکومت نے نئے عہدوں پر شفاف اور جلد تعیناتیوں کی ہدایت بھی کردی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے