سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شام کے صدر بشار الاسد کو خلیجی ملک میں 19 مئی کو ہونے والے عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔شام میں بشار الاسد کے خلاف مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کی وجہ سے اس کی رکنیت معطل کیے جانے کے 12 سال بعد عرب وزرائے خارجہ نے اتوار کو اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ شام اس تنظیم میں دوبارہ اپنا کردار شروع کر سکتا ہے۔اس حوالے سے ایک بیان میں بشار الاسد نے کہا کہ سربراہی اجلاس ’عرب عوام کی امنگوں کے حصول کے لیے مشترکہ عرب کارروائی کو بڑھا دے گا۔‘سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اردن میں سعودی عرب کے سفیر نائف بن بندر السدیری نے دعوت نامہ پہنچایا۔یہ دعوت ریاض اور دمشق کی جانب سے ایک دہائی سے زائد منقطع تعلقات کے بعد شام اور سعودی عرب میں اپنے اپنے سفارتی مشنز پر دوبارہ کام شروع کرنے کا اعلان کرنے کے ایک روز بعد سامنے آئی۔