ٹی 20 ورلڈ کپ 2009ء میں پاکستانی ٹیم کی فتح کا جشن پہلی بار امریکا میں منایا جائے گا۔ایمیکس اورگائیڈینس اینڈ کیئرفاونڈیشن کے اشتراک سے2009 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی چیمپئن ٹیم کے کھلاڑیوں کو 2024 ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل امریکا کا دورہ کروایا جائے گا۔فاتح کپتان یونس خان کی قیادت میں جیتنے والی ٹیم کے اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی ،مصباح الحق،سعید اجمل،عمرگل، عبدالرزاق، کامران اکمل، فواد عالم اور شعیب ملک سمیت دیگر ستارے امریکا کی متعدد ریاستوں میں جلوہ گر ہونگے۔ایمیکس ٹریول کے زیراہتمام جیت کا سفر کے نام سے موسوم جشن فتح کی تقریبات امریکا میں آئندہ سال 18 اپریل سے شروع ہونگی۔ سابق کپتان یونس خان نے اپنے فاتح اسکواڈ کے ارکان اور پاکستانی نژاد امریکی انٹر نیشنل کرکٹ پروموٹر رافع علی کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرینس میں امریکی دورے کی تفصیلات کا اعلان کردیا۔
